وزیرستان: پاک فوج آپریشن کے سبب طالبان لیڈر ساتھیوں کو اکیلا چھوڑ کر بھاگنے لگے
وزیرستان: پاک فوج آپریشن کے سبب طالبان لیڈر ساتھیوں کو اکیلا چھوڑ کر بھاگنے لگے
ایس اکبر
با خبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شمالی وزیرستان میں بڑے پیمانے پر ہونے والی فوجی کاروائی سے بچنے کے لیے طالبان دہشت گردوں کی قیادت کی بڑی تعداد اپنے ساتھیوں کو چھوڑ کر بھاگ گئی ہے، جس کے سبب طالبان جنگجو شدید تذبذب کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق فوجی آپریشن میں تیزی آنے اور طالبان دہشت گردوں کی پسپائی کے سبب دہشت گردوں کے بیشتر لیڈر اپنی جان بچانے کے لیے مختلف علاقوں کی جانب بھاگ رہے ہیں۔ ضربِ عضب میں بڑے پیمانے پر عسکریت پسند جنگجوؤوں کی ہلاکت واقع ہو رہی ہے۔ ان حالات میں طالبان جنگجو بڑے جانی نقصان اور قیادت کیعدم موجودگی کی وجہ سے شدیدگھبراہٹ کا شکار ہیں۔ طالبان لیڈروں کے ان پریشان حال ساتھیوں نے تو یہاں تک کہنا شروع کر دیا ہے کہ ان کے لیڈر جہاد کا وقت آنے پر میدانِ جنگ چھوڑ کر بھاگ گئے اور جہاد کا فریضہ فقط ان کے لیے چھوڑ گئے ہیں۔ وہ حیران ہیں کہ ان کے لیڈر انہیں اسلام اور جہاد کا لالچ دے کر خود اپنی جانوں کو بچاتے پھر رہے ہیں۔ ان حالات میں طالبان جنگجوؤوں کے حوصلے مزید پست ہو رہے ہیں اور وہ بھی شمالی وزیرستان سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہاں تک کہ بہت سے دہشت گرد ہتھیار پھینک کر اپنے آپ کو فوج کے حوالے کر چکے ہیں۔