ہمارے سیاسی محرکات: چیلنجز اوراقدامات
جنرل مرزا اسلم بیگ
سابق چیف آف آرمی سٹاف پاکستان
حکومت کی تبدیلی کے لئے دھرنے کی روایت عمران خان نے 2014میں ڈالی تھی جس کا اب خود انہیں سامنا ہے کیونکہ
اب وہی ’حکومت کی تبدیلی‘ کی لہر کہیں زیادہ شدت کے ساتھ ان کے اقتدار کے درواز ے تک پہنچ چکی ہے-مولانا فضل الرحمن
کی قیادت میں دائیں بازوکی مذہبی جماعتیں جوگذشتہ بہتر سالوں سے سیاسی طور پر بے وقعت رہی ہیں‘ اچانک قومی سیاسی افق پر
مرکزی حیثیت اختیار کر چکی ہیں اور اب تقریباپانچ لاکھ عوام کی حمایت کے ساتھ اقتدار کے دروازے پر دستک دے رہی ہیں -انہیں
ملک کی تمام اہم سیاسی قیادت کی بھی حمایت حاصل ہے جو متحد ہو کر اعلان کر رہے ہیں کہ:
٭ شہباز شریف: ”عمران فارغ العقل ہیں اور ملک کے لئے خطرہ ہیں -“
٭ بلاول زرداری: ”سیلیکٹڈ حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے-“
٭ اسفندیار ولی: ”کٹھ پتلی وزیراعظم کو جانا ہوگا-“
٭ محمود خان اچکزئی: ”ناکام حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے-“
٭ عوام کا نعرہ ہے ”گو عمران گو-“
حالات کی کیسی ستم ظریفی ہے کہ چند سال قبل یہ عمران خان ہی تھے جو ڈی چوک میں نواز شریف حکومت کے خاتمے کا مطالبہ
کر رہے تھے-وہ اس کوشش میں کامیاب ہوئے اورقوم کوہرقسم کی کرپشن اوراستحصال سے پاک ”نئے پاکستان کا خواب“دکھا کرملک
کے وزیراعظم بن گئے لیکن وہ اس مقصد میں نہ صرف بری طرح ناکام ہوئے ہیں بلکہ سیاسی طور پر تنہائی کا شکار ہو چکے ہیں -اس دوران
انہوں نے دوستوں سے زیادہ دشمن بنائے ہیں جس کا نتیجہ یہ ہے کہ نصف ملین لوگوں پر مشتمل عوامی ایک حیرت انگیز خطرناک اجتماع
جسے Critical Mass کہاجاسکتا ہے وہ اسلام آباد میں قائم ہو چکا ہے جس میں تین اہم طبقات شامل ہیں:
٭ مولانا کی اپنی جماعت‘ جماعت اسلامی اور تبلیغی جماعت کے لوگ جو انتہائی منظم ہیں -ان کی تعداد زیاد ہ ہے-
٭ عمران کی حکمرانی سے اکتائے ہوئے عوام‘ جنہیں حکومت سے کسی خیر کی توقع نہیں ہے-
٭ ناراض نوجوانوں کا ایسا طبقہ جو ایمان کی طاقت سے معمور ہے اور لبرل ازم‘ سیکولرازم اور وسرے ’ازم‘ کو مسترد کر تا ہے-
عمران کی سیاسی تنہائی کی بڑی وجہ ان کی جلد بازی اور غیر ضروری اقدامات ہیں -وہ اپنے سیاسی حریفوں کو بدنام اوررسوا کرنے
کے عمل میں بہت دور جا چکے ہیں حتی کہ وہ اپنی سیاسی اساس‘ یعنی پارلیمنٹ کوبھی بے وقعت کرنے کا باعث بنے ہیں -روحانی راہنمائی کی خاطر
ان کی شخصیت اسلام‘ لبرل ازم اور خانقاہ کے مابین گم ہو چکی ہے جیسا کہ وہ خود اعتراف کرتے ہیں کہ:
”اسلام سے میرا تعلق معنوی ہے جس میں سے میں نے صرف اپنے لئے بہتر حصوں کو منتخب کیا-یہ کسی یقین
کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ اپنی ماں سے محبت کے سبب تھا کہ میں آج ایک مسلمان ہوں -“ (عرب نیوز)
اس طرح عمران کی سیاست میں ایک خلاء پیدا ہوا جسے اب مولانا فضل الرحمن کی زیرقیادت دائیں بازو کی مذہبی جماعتوں نے
پر کیا ہے‘ جنہیں سبقت حاصل ہے-انہوں نے حزب اختلاف کی جماعتوں کو ساتھ ملا لیا ہے جو بادل ناخواستہ مولانا کے ساتھ ہیں –
مولانا نے سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بات چیت کے ذریعے اسلام آباد کے حساس مقام تک پہنچنے کی اجازت حاصل
کر لی اور31 اکتوبر کو آدھی رات کے وقت عوام کی تعداد نصف ملین تک پہنچ گئی جسے”انتہائی حساس اجتماع“ (Critical Mass)قرار
دیا جا سکتا ہے-اس عوامی اجتماع سے مولانا کو جو حوصلہ ملا ہے اسے ہم عسکری اصطلاح میں ’تذویراتی برتری کی پوزیشن“
(Superiority of Strategic Orientation)کہتے ہیں جہاں سے متعدد اہداف کو ایک ہی مقام سے نشانہ بنایاجاسکتا ہے-
اب وہ اپنے مطالبات تسلیم کرانے کے لئے اچھی پوزیشن میں ہیں -انہوں نے اپنا پہلا مطالبہ پیش کر دیا ہے کہ ”وزیراعظم عمران خان
آئندہ دو دنوں کے اندر اندر استعفی دے دیں -“ ساتھ ہی انہوں نے قومی اداروں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ”ان کے معاملات
میں مداخلت نہ کریں -“
وزیراعظم نے مستعفی ہونے سے انکار کر دیا ہے اور فوج نے منتخب حکومت کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کر دیا ہے اورحکومت
نے اس بڑے عوامی اجتماع کو کسی قسم کا خطرہ نہ سمجھتے ہوئے‘ مولانا کی دھمکیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے-یعنی
اب میدان سج چکا ہے-حزب اختلاف کی رہبر کمیٹی نے واضح کر دیا ہے کہ وہ وزیراعظم کے مستعفی ہونے کے مطالبے پر سختی سے کاربند ہے‘
اوران کے پاس پارلیمنٹ سے اجتماعی استعفوں‘ اور پورے ملک کو بند کرنے کا راستہ کھلا ہے‘ جس کے لئے انہیں نصف ملین عوام کی تائید
حاصل ہے جو پولیس‘فوج اور رینجرز کے حفاظتی حصار کو توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے-
جہاں تک تعداد کا تعلق ہے تو اس لحاظ سے مولانا کوبرتری حاصل ہے-اس کے علاوہ انہیں اپنے مقصدکی خاطراخلاقی طور پر
بھی سبقت حاصل ہے-وہ آزادی مارچ کو چند ہفتوں کے دھرنے میں تبدیل کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں جس سے حکومت کے
اعصاب شل ہو جائیں گے-اپنے راستے کھلے رکھتے ہوئے وہ تصادم سے اجتناب کی راہ اختیار کریں گے جبکہ حکومت کی کوشش ہو گی کہ
مسئلے کو فوج اور عدلیہ کے سپرد کر دیا جائے لیکن یہ دونوں ادارے اس جال میں نہیں پھنسیں گے- اگر 1977ء میں رونما ہونے والے
واقعات سے کچھ رہنمائی لی گئی تو فوج اپنی حدود میں رہنے کو ترجیح دے گی- البتہ دشمن طاقتوں کے لئے یہ موقع ہے کہ وہ ”دہشت گردی“
کی کاروائی کریں جس کے نتیجے میں جانوں کا ضیاع اور امن و امان کے لئے سنگین خطرہ پیدا ہو جائے-پیشتر اس کے کہ اس طرح کے
حالات پیدا ہوں کوئی درمیانی راستہ تلاش کرنا لازم ہے-
اس وقت طاقت کے دو مراکز ہیں‘ایک مولانا کا لایا ہوا’حساس عوامی اجتماع‘ہے اور دوسرا’پارلیمنٹ‘ ہے جسے خود عمران خان
نے نظراندازکرکے اور صدارتی آرڈیننس کے اجراء کے ذریعوں سے بے وقعت کر دیا ہے-اب حزب اختلاف کی ذمہ داری ہے کہ وہ
پارلیمنٹ کے تقدس کو قائم رکھتے ہوئے کسی سیاسی حل کی راہ اپنائیں -خوش قسمتی سے‘”حساس عوامی اجتماع“ نظم وضبط کے دائرے میں ہے
اورمسئلے کے آبرومندانہ حل کا خواہاں ہے-لہذاصورت حال کو سنبھالنے کی یہ بھاری ذمہ داری حزب اختلاف کے کاندھوں پرعائد ہوتی
ہے-وزیراعظم کے استعفی کے لئے دی جانے والی حتمی تاریخ گذرجانے کے بعداب حزب اختلاف کی جماعتیں دھرنے کی منصوبہ بندی
کی خاطرعلیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کر رہی ہیں اور منصوبے بنا رہی ہیں –
نئے انتخابات منعقد کرانا اس مسئلے کا حل نہیں ہو سکتا کیونکہ تمام سیاسی جماعتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور انتخابات کی تیاری کے
لئے انہیں وقت چاہیئے جو صرف اسی صورت ممکن ہے کہ چند سالوں کے لئے قومی یکجہتی کی خاطر قومی حکومت تشکیل دے دی جائے جس سے
تمام سیاسی جماعتوں کو بھرپور تیاری کا وقت مل سکے اور مناسب اقدامات اٹھا ئے جاسکیں –
خطے کی موجودہ ابتر سیاسی صورت حال کے پیش نظر یہ سب کچھ حاصل کرنا اتنا آسان نہیں ہوگا-لہذا پارلیمنٹ اور قومی اداروں
کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس مقصد کی خاطر اپنے اپنے حصے کا کام پوری دیانتداری اور خلوص سے سرانجام دیں -جمہوریت کے
استحکام کی خاطر ان کے بروقت اور صحیح اقدامات ان کی سیاسی بصیرت کا امتحان ثابت ہوں گے-