یورپی یونین کا بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے استعمال پر سخت تشویش کا اظہار

یورپی یونین کا بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے استعمال پر سخت تشویش کا اظہار‎
k3برسلز
یورپی یونین کے ترجمان برائے امور خارجہ اور سلامتی پالیسی ماجا کوشی جان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے طاقت کے استعمال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سرکار کو مقبوضہ ریاست میں امن و امان کے قیام کیلئے طاقت کے استعمال سے گریز کرنا پڑے گا اور کشمیری عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا ہو گا۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے ‘ یورپی یونین کشمیر کے معاملہ پر پاکستان اور بھارت سے رابطہ میں ہے اور مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی متمنی ہے ۔جمعہ کو کشمیر فاﺅنڈیشن ‘ یورپی یونین کے ڈائریکٹر اور کشمیر واچ کے ایڈیٹر عبدالطیف بٹ کی طرف سے لکھے گئے خط کے جواب میں یورپی یونین کے ترجمان ماجا کوشی جان نے انکشاف کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں یورپی یونین بھارت اور پاکستان سے مسلسل رابطے میں ہے اور مقبوضہ ریاست میں بھارت کی جانب سے طاقت کے استعمال پر گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ اگر بھارتی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں امن قائم کرنا ہے تو اسے لوگوں کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے طاقت کے استعمال سے گریز کرنا ہو گا۔ ترجمان نے کہاکہ مسئلہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے اور ہم مذاکراتی عمل میں کشمیریوں کی شرکت کے حامی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یورپی یونین مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کررہی ہے اور تشدد کے حالیہ واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

Leave a Comment

© 2012 - All Rights are reserved by zameer36.

Scroll to top