بھارتی مداخلت کا ڈوزیر اقوام متحدہ میں پیش
نغمہ حبیب
ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرانس میں عوام کو اور دنیا کو یاد دلایا گیا کہ کس طرح بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے انہوں نے بتایا کہ اے پی ایس پر حملے سے لے کر ایگر یکلچر یونیورسٹی پشاور کے ہاسٹل پر حملے تک میں بھارت ملوث رہا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں قائم بھارتی قونصل خانے دہشت گردی میں بھارت کے لیے اڈوں کا کام دیتے ہیں اور ایسے کئی دیگر دہشت گرد کاروائیوں میں بھارت ملوث ہے۔اُس وقت بھی میں نے لکھا تھا کہ قوم کو یہ سب بتانا ضروری ہے لیکن اس سے زیادہ ضروری یہ ہے کہ یہ سب کچھ دنیا کو بتایا جائے اور ایسا ہی ہوا جب پاکستان نے ان تمام الزامات کا ڈوز یر اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری کو پیش کیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کے پاس ان تمام واقعات کے ثبوت موجود ہیں اور اُس نے انہیں اقوام متحدہ میں پیش کر دیا ہے۔ یہ ڈوزیر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب جناب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری کو دیا ان سے ملاقات کی اور انہیں معاملے کی تقصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈوزیر دہشت گردی کے ان تمام واقعات کی تفصیلات پر مبنی ہے جن کے بارے میں ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پہلے ہی آگاہ کر چکے تھے اور میڈیا پر اس کے ثبوت بھی پیش کر چکے تھے۔ بھارت کا پاکستان کے معاملات میں مداخلت کرنا کچھ نیا نہیں، سب ہی جانتے ہیں کہ وہ ماضی میں بھی یہ جُرم کر چکا ہے اور بار بار کر چکا ہے اور ماضی میں بھی کبھی بھارت کو اور کبھی اقوام متحدہ کو پاکستان یہ ثبوت پیش کر چکا ہے لیکن کوئی خاطر خواہ نتائج بر آمد نہیں ہوسکے ہیں اس لیے ڈوز یر پیش کرنا تو ظاہر ہے کہ ضروری ہے ہی لیکن ساتھ ہی ساتھ اس معاملے کو انفرادی طور پر دنیا کے مختلف ملکوں اور خاص کر بڑی طاقتوں کے سامنے رکھنا چاہیئے تاکہ اپنا کیس مضبوط کیا جاسکے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم ملک کے اندربھی ایک رائے قائم نہیں کر پاتے اور ہم بین الاقوامی برادری سے تو توقع رکھتے ہیں لیکن اپنے ملک میں بھی ایسی آوازیں اٹھ جاتی ہیں جو بھارت کے مقاصد کو تقویت بخش دیتی ہیں۔بھارت نے فروری 2019 میں پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو پاکستان ائیرفورس نے بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا طیارہ مار گرایا اور پائلٹ کو زندہ گرفتار کر لیا یہ ایک بہت بڑا کارنامہ تھا جس پر پوری دنیا میں پاکستان ائیر فورس کو دادو تحسین ملی اورپاکستان کے اندر بھی اسے بطور فتح منایا گیا لیکن اس کے تقریباً ڈیڑھ سال بعد ایک سیاست دان نے اپنی سیاست چمکانے کے لیے اسے متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔ پاکستان قومی اسمبلی کے سابق سپیکر ایاز صادق صاحب نے اس واقعے کو جس طریقے سے متنازعہ بنانے کی کوشش کی وہ انتہائی قابل افسوس ہے اور خاص کر آرمی چیف کے متعلق ان کے الفاظ انتہائی قابل مذمت ہیں۔ ان الفاظ کا بھارتی میڈیا نے خوب جشن منایا اور ہم نے خود بھارت کو موقع فراہم کیا کہ وہ اپنی شکست کو فتح بنا کر پیش کریں اور دنیا کو بتادے کہ پاکستان اس سے کتنا خوفزدہ ہے اور اسی خوف کی بنا پر اس نے ان کا گرفتار شدہ پائلٹ واپس کیا۔اسی طرح ہمارے سیاستدانوں نے کلبھوشن کے معاملے پر بھی سیاست کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا حالانکہ وہ ایک اچھا موقع تھا کہ دنیا کو ایک اتنے بڑے ثبوت کے ساتھ بتایا جاتاکہ دیکھو بھارت اپنے فوجی افسروں تک کو پاکستان میں تخریب کاری کے لیے استعمال کر رہا ہے اور انہی جاسوسوں میں سے ایک پکڑا گیا ہے لیکن ایک حکومت نے تو اس معاملے کو بالکل سرد خانے کی نظر کر دیا تھا اور اگر اندرونی دباؤ نہ ہوتا تو شایداس کو باعزت بری بھی کردیا جاتا جس طرح ابھی نندن کو باعزت بنانے کی کوشش کی گئی اور یہ کہا گیا کہ اُسے بھارت کی جنگ کی دھمکی سے ڈر کر چھوڑا گیا۔ دراصل ہمیں اپنا مقدمہ مضبوط کرنے کے لیے اندرونی اور بیرونی دونوں محاذوں پر سخت محنت کرنی ہوگی اور خاص کر ہمارے سیاستدانوں کو یہ احساس کرنا ہوگا کہ ملکی سلامتی اور عزت ووقار ذاتی یا پارٹی سیاست سے کہیں بالا تر ہے۔ بین الاقوامی سطح پر بھی انتہائی سجیدہ کوشش کرنا ہوگی کہ ہم دہشت گردنہیں بلکہ خود اس کا شکار ہیں اور ہم نے اس کی قیمت ہزاروں جانوں اور کروڑوں اربوں کے مالی خسارے کی صورت میں دی ہے اور اب ہم مزید قربانیاں دینے کے لیے تیار نہیں بلکہ دنیا سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس کا ازالہ کرے اور اصل دہشت گرد کو پہچانے۔