پشاور کے علاقہ کوہاٹی گیٹ چرچ روڈ پر واقع عیسائی برادری کی سب سے قدیمی عبادت گاہ آل سنیٹس چرچ میں یکے بعد دیگرے دو خود کش دھماکے ہوئے جس کے نتیجہ میں 81 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 147 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ جان بحق ہونے والے افراد میں 11 معصوم بچے، 34 خواتین اور دوپولیس اہلکاربھی شامل ہیں۔ دھماکوں کی آواز دور دراز علاقوں تک سُنی گئی۔ خودکش حملوں میں کم از کم چودہ کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور کونسل برائے عالمی مذاہب کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس گرجا گھر میں تقریباً 400 سے 500 کے قریب مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد ہفتہ وار عبادت کے لیے آئے ہوئے تھے جن میں خواتین اور بچے شامل تھے۔ مسیحی برادری کی بڑی تعداد عبادت ختم ہونے کے بعد باہر آ رہی تھی کہ خودکش حملہ آوروں نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں بھاری جانی ومالی نقصان ہوا۔