دہشت گردی کی جنگ میں پاک فوج کی لازوال قربانیاں اور کامیابیاں
Posted date: September 01, 2014In: Urdu Section|comment : 0
دہشت گردی کی جنگ میں پاک فوج کی لازوال قربانیاں اور کامیابیاں
ایس اکبر
دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے عسکری کاروائی ضربِ عضب کامیابی سے جاری و ساری ہے۔ اِس کاروائی میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں اور تربیت گاہیں مکمل طور پر تباہ کی جارہی ہیں۔ یہ عسکری اور سیاسی قیادت کا بروقت کیا جانے والا بہترین فیصلہ ہے۔ آپریشن ضرب ِعضب کا مقصد بالعموم وزیرستان و ملحقہ اور بالخصوص جنوبی وزیرستان کے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنا ہے۔ اِس آپریشن کے لئے بنیادی طور پر4مراحل متعین کیےگئے۔ پہلے مرحلے میں مقامی لوگوں کا با حفاظت انخلأ اور نقل مکانی کو یقینی بنانا تھا، دوسرے مرحلے میں ظالم دہشت گردوں کے خلاف عسکری کاروائی ہے ۔ تیسرا مرحلہ از سرِ نو بحالی جبکہ آخری مرحلے میں مقامی آبادی کی واپسی اور نو آباد کاری کے منصوبے شامل ہیں۔ یہ ہماری پاک فوج کی ہی مکمل محنت اور لگن کا نتیجہ ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو بحفاظت پہلے سے قائم شدہ رہائش گاہوں تک پہنچایا۔ بنوں کے علاقے میں داخل ہونے والے متاثرین کے لئے سید گئی کے مقام پر پاک فوج کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ کوئی بھی دہشت گرد اپنی ناکامی کا بدلہ لینے کے لئےاِ ن معصوم لوگوں کو ظلم کا نشانہ نہ بنا سکے۔ نقل مکانی کرنے والوں کو پانی، کھانا اور دیگر ممکنہ سہولیات فراہم کرکے مشکل کی اِس گھڑی میں ایک بار پھرپاک فوج نے اظہار یکجہتی کا عملی ثبوت دیا ہے۔ حال ہی میں چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے یہ بیان جاری ہوا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ان کے خلاف فوجی کاروائی جاری رہے گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لئے پورے ملک میں ان کا پیچھا کیا جائے گا اور ان کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ملک کو دہشت گردوں سے نجات دلانے کے لئےہماری فوج انتھک محنت کر رہی ہے۔ اِ س کاروائی سے دہشت گرد طالبان کی کمر مکمل طور پر ٹوٹ چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اطلاعات کے مطابق یہ ہارے ہوئے ظالم د ہشت گرد ملکی املاک کو نقصان پہنچانے کے لئے ہرممکن کوشش کر رہے ہیں۔ حال ہی میں کوئٹہ میں موجود پاکستان ائیر فورس اورآرمی ایوی ایشن سنٹرپردہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا ۔ پاکستانی فوج، ائیر فورس، ایف سی اہلکار اور پولیس اہلکاروں کی مدد سے دہشت گردوں کے اس حملے کو کامیابی سے ناکام بنا دیا گیا اور 12 دہشت گرد مار دئیے گئے۔
عسکری ذرائع کے مطابق پاک فوج کے دستے دہشتگردوں کا پیچھا کر رہے ہیں۔ پاک فوج دہشت گردوں سے خالی کرائے گئے ٹھکانوں اور علاقوں میں اپنی پوزیشن مستحکم کرر ہی ہے اور دہشت گردوں کے فرار ہونے کی ہر کوشش کو ناکام بنا رہی ہے۔ اب تک مشہور طالبان کمانڈر گل بہادر کے علاوہ کئی کمانڈر مارے جا چکے ہیں۔
عساکرِ پاکستان نے ڈیڑھ ماہ کے دوران ضرب ِعضب میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں اب تک اہم آٹھ کمانڈروں سمیت آٹھ سو سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جبکہ شمالی وزیرستان میں انکے ایک سو سے زائد ٹھکانے اور اسلحہ تیار کرنے والی درجنوں فیکٹریاں تباہ کی گئی ہیں۔
پاک سر زمین پر گزشتہ بارہ سال سے جاری دہشت گردی کی جنگ میں افواجِ پاکستان نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ جس سے دس ہزار کے قریب جوان اور افسران دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ ہر مشکل حالات میں ہماری افواج نے ملک کی سلامتی اور تحفظ کا فریضہ پوری جانفشانی اور بہادری سے نبھایاہے۔انہی بیش بہا قربانیوں کی بدولت عسکری قیادتوں کے سر فخر سے بلند ہیں اور پاکستانی عوام کو ان جوان سپوتوں پر فخر ہے کہ انھوں نے قوم کے اچھے مستقبل اور وطنِ عزیز کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنانے کے لیے جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں۔ یقینًا ارضِ وطن پر جانیں نثار کرنے کے جذبے سے سر شار افواجِ پاکستان پر پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہے اور رہے گا ۔ انشا ءاللہ