معصوم بچوں پر ظالم دہشت گردوں کاانسانیت سوز حملہ

school

[urdu]معصوم بچوں پر ظالم دہشت گردوں کاانسانیت سوز حملہ

ایس اکبر

صوبائی دارلحکومت پشاور میں وارسک روڈ پر واقع آرمی پبلک سکول میں دہشت گردوں نے معصوم بچوں کے خون سے ایسی ہولی کھیلی کہ انسانیت بھی کانپ کررہ گئی ۔ ایف سی کی وردی میں ملبوس ظالم درندوں نے 132 معصوم جانوں اور 9اساتذہ کو بے رحمی سے موت کے گھاٹ اتار دیاجبکہ اس کاروائی میں 150 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔کالعدم تنظیم تحریک طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔تنظیم کے مرکزی ترجمان محمد خراسانی نے کہاہے کہ یہ کاروائی شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن ضربِ عضب اور خیبر ایجنسی میں جاری آپریشن خیبر ون کےجواب میں کی گئی ہے۔ یہ حملہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی اور  سفا کی کی انتہا ہے کہ جب یہ افواج پاکستان سے نہیں لڑ سکے توبدلہ لینے کی خاطر معصوم بچوں کو اپنے ظلم کا نشانہ بنا ڈالا۔

ملکی اور غیر ملکی سطح پر سانحہ پشاور کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔علم حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والے پھول جیسے معصوم اور نازک بچوں کے اس بے دردی سے قتل عام پر پورا ملک غم میں ڈوب گیا اور ملک کی      کم وبیش تمام اعلیٰ سول وعسکری قیادت صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کیلیٔے صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارلحکومت پشاور پہنچ گئی۔ اہلیانِ پاکستان نے دہشت گردی ،خودکش حملوں ،بم دھماکوں اور قتل وغارت کی مد میں کئی شب وروز دیکھےلیکن اس سانحہ نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ہر گزرتے دن کے ساتھ اب یہ   دہشت گرد اپنے عزائم کے حصول کے لیے نت نئے طریقے استعمال کررہے ہیں اور لوگوں میں خوف وحراس پیدا کرنے کے لیے ہر ہتھکنڈا آزما رہے ہیں۔یہ دہشت گرد سکول میں معصوم بچوں کو شہید کر کے قوم کو مستقبل کے انجینٔیر، ڈاکٹر ، پائلٹ اور تعلیم یافتہ نسل سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔جس ظلم و زیادتی سے ان دہشتگردوں نے بے گناہ طلباء کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا ہے اس پر انسانیت بھی رو پڑی اور حیوانیت خوشی سے رقص کرتی محسوس ہوئی۔دینِ اسلام کے نام پر اپنے حیوانی جذبات کی تسکین کرنے والے یہ درندے مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے حق دار بھی نہیں ہیں.

اسلام ایک امن و آشتی کا مذہب ہے۔ مسلمان ہونے کے دعویدار دہشت گرد نجا نے کس اسلام کے پیروکار ہیں۔ اسلام اور شریعت تو کسی صورت معصوم اور چھوٹے بچوں کو مارنے کی اجازت نہیں دیتا یہاں تک کہ جہاد کے دوران بھی عورتیں ، بچے اور بوڑھے تمام جنگی قوانین سےمستثنیٰ ہیں۔مذہب اسلام میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی اور شدت پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ یہ دہشت گرد دشمنان ِ اسلام کے ساتھ مل کرمالی، سیاسی اور ذاتی مفادات کے تحت اسلام کا ایک نیا رخ پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو کہ سراسر اسلام کے منافی ہے۔جنوبی وزیرستان میں جاری عسکری کاروائیوں سے دہشت گردوں کو اپنے منہ کی کھانا پڑی۔افواجِ پاکستان بڑی سبکدستی سے ان درندوں کو موت کے گھاٹ اتار کر اس ملک کو ان دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کررہی ہے۔ دہشت گرد پاک فوج کی کامیابیوں کو ناکامی کا تا ثر دینے کےلیے ایسی کاروائیاں کر رہے ہیں۔لیکن شاید یہ دہشت گرد اس قوم کی بہادری سے نا واقف ہیں۔ اس قسم کے بزدلانہ حملے کسی طور اس قوم کے بچوں ،بڑوں، بوڑھوں اور خواتین کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ دہشت گردوں کے نا پاک عزائم اور ایجنڈے سے ہرذی ہوش آگاہ ہے۔

دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے یونیفارم میں دیدہ دلیری کے ساتھ دہشت گردی کی واردات کرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل جی ایچ کیو راولپنڈی،، پی این ایس نیول ہیڈکوارٹرز اورنیول ڈاکیارڈکراچی، کامرہ ائر بیس اور پشاور و کراچی ائیرپورٹس پر دہشت گردی کی گھناؤنی وارداتوں میں ملوث افراد بھی سکیورٹی فورسز کی یونیفارم میں ملبوس تھے۔

اگر آج یہ سفاک دہشتگرد آپریشن ضرب عضب میں سکیورٹی حکام کے دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے دعوے کا جواب نیول ڈاکیارڈ اور پشاور ائیرپورٹ کے بعد اب پشاور کے آرمی پبلک سکول میں اپنی ظالمانہ دہشت گردی کے ذریعے معصوم بچوں کو خون میں نہلا کر دے رہے ہیں تو یہ صرف اور صرف ان ظالم دہشت گردوں کی بزدلی کا منہ بولتا ثبوت ہے جو اپنی ہار کا بدلہ ان معصوم بچوں سے لے رہے ہیں۔

آج ان سفاک دہشت گردوں نے سینکڑوں معصوم بچوں کو اپنے جنونی عزائم کی بھینٹ چڑھایاہے تو انسانیت سے گری ہوئی اس حرکت پر یہ دہشت گرد عناصر پوری قوم کی نگاہوں میں نفرت کی علامت بن چکے ہیں چنانچہ انکے ساتھ کسی بھی حلقے کی جانب سے کسی ہمدردی کا اظہار بھی قومی ملامت کی زد میں آئیگا۔معصوم بچوں کوسفاکی سے مارنے والے یہ درندے عبرتناک سزا کے مستحق ہیں۔ اس اندوہناک واقعہ کے بعد پوری پاکستانی قوم ملک میں گزشتہ 12 سال سے ان دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں متحد ہو گئی ہےاور اسے افواجِ پاکستان اورسکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر مکمل اعتماد ہے۔ انشاءاللہ اِن معصوم بچوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی ایک دن اس ملک میں دائمی امن قائم ہو جائے گااور پاکستان ان ظالموں سے پاک ہوجائے گا۔[/urdu]

Leave a Comment

© 2012 - All Rights are reserved by zameer36.

Scroll to top